لندن: (دنیا نیوز) بابائے کرکٹ انگلینڈ کے خلاف انہی کے دیس شاہینوں نے دوسرے ون ڈے میں ہمت تو بڑی دکھائی لیکن کام نہ آئی، بارہ رنز کی جیت سے میزبان ٹیم نے سیریز میں برتری پائی، سنچری میکر فخر زمان کہتے ہیں کہ اگلے میچز سمیت ورلڈکپ میں مزید اچھی کارکردگی پر نظریں جما لیں۔
ساؤتھمپٹن میں سیریز کا دوسرا ون ڈے، گوروں نے ٹیم پاکستان سے ملنے والی بیٹنگ کی دعوت خوب اڑائی، 3 وکٹوں پر تین سو تہتر رنز کے ٹوٹل کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ جوز بٹلر نے گویا باؤنڈریز کے جھکڑ چلا دیئے، پچاس گیندوں پر سنچری بنائی، ایک سو دس رنز میں 9 چھکے شامل، مین آف دی میچ قرار پائے۔
ایان مورگن نے 71 رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی، جیسن روئے کے 87 رنز بھی بھاری پڑے۔ جواب میں قومی اوپنرز اِن ایکشن، فخر زمان کا لاٹھی چارج، ایک سو اڑتیس قیمتی رنز، ریکارڈ چیز (chase) کو آسان بنا دیا۔
بابر اعظم اور پھر آصف علی کی جارحانہ اننگز سے اکاون اکاون رنز کا اضافہ ہوا۔ آصف علی کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم جیت کی راہ سے آؤٹ ہو گئی، مقررہ پچاس اوور میں سات وکٹ پر تین سو اکسٹھ رنز آئندہ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، سنچری میکر فخر زمان نے بڑے ہدف کے خلاف بڑی ہمت دکھانے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
انگلش ٹیم بارہ رنز سے فاتح ٹھہری جس سے پانچ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ تیسرا ون ڈے 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔