لندن: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرپشن الزامات پر سری لنکا کے 2 کرکٹرز کو معطل کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی سی نے معطل کرکٹرز سے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ یہ الزامات فاسٹ باؤلر نوان زوئیسا اور اویشکا گوناوردھنے پر لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں پر گزشتہ سال دسمبر میں یواے ای میں کھیلی گئی ٹی 10 لیگ میں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ بائیں ہاتھ کے 40 سالہ نوان زوئیسا کوڈ کی چارشقوں اور گونا ورد نے کو دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق نوان زوئیسا پر تحقیقات میں عدم تعاون، کرپشن کرنے اور کھلاڑیوں کو اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ 30 ٹیسٹ اور 95 ون ڈے میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر کو اس سے پہلے بھی آئی سی سی کی جانب سے تین خلاف ورزیوں پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔