اوول میں‌ بارش کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کا میچ بغیر نتیجہ ختم

Last Updated On 10 May,2019 11:12 am

لندن: (دنیا نیوز) انگلش سرزمین پر سیریز کے ابتدائی ون ڈے میں بارش جیت گئی، کرکٹ نہ ہو سکی۔ مڈل آرڈر حارث سہیل سمیت سب کے ارمان پانی میں بہہ گئے، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا مقابلہ ہفتے کو ہو گا۔

اوول لندن میں سیریز کا پہلا ون ڈے، بابائے کرکٹ کے دیس بارش کے سبب ٹاس لیٹ ہوا، میزبان کپتان نے ٹاس جیتا، 47 اوور تک محدود ہو جانے والی اننگز میں پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کی آنکھ مچولی جاری رہی، کرکٹ پھر رک گئی، میچ اکتالیس اکتالیس اوور تک محدود ہو گیا۔

گیلے وکٹ اور نمی والے موسم میں سیم بولنگ کا جادو سر چڑھ کر بولتا رہا، فخرزمان 3 رنز بنا کر چلتے بنے، جوفرا آرچر نے میدان بدر کیا۔ سنبھل کر کھیلنے والے بابر اعظم بھی پھسل گئے، 16 رنز پر لیام پلنکٹ کا شکار بنے، دو لیفٹ ہینڈ بیٹسمین امام الحق اور حارث سہیل جم کر کھیلے۔ پھر بارش ہوئی، 19 اوور میں دو وکٹ پر 80 رنز ہوئے تو پھر کھیل ایسا رکا کہ دوبارہ نہ ہو سکا، میچ ہی ختم کرنا پڑا۔

امام الحق بیالیس اور حارث سہیل چودہ اسکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ابتدائی میچ میں اچھی تیاریوں نے کام دکھایا، بلے باز سنبھل کر کھیل رہے تھے کہ بارش نے مزہ کرکرا کر دیا، آئندہ میچز میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی امید لگا لی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 11مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔