ورلڈکپ سے قبل افغانستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ’’امداد‘‘ مل گئی

Last Updated On 10 May,2019 11:13 am

کابل: (ویب ڈیسک) مالی پریشانیوں میں گھری افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ سے قبل بھارتی ’’امداد‘‘ مل گئی۔

افغانستان کے خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کو سپانسر کی تلاش تھی۔ بھارتی نجی کمپنی (امول) افغانستان کی ٹیم کو سپانسر کرےگی۔ منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سوڈھی کا کہنا ہے کہ افغان ٹیم کی مالی مدد کی جائے گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سوڈھی کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو سپانسر کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کا لوگو افغان ٹیم کی جرسی پر نظر آئے گا۔

دوسری طرف چیف ایگزیکٹو آفیسر افغانستان کرکٹ بورڈ اسد اللہ خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہمارے ملک کا مقبول ترین کھیل ہے ہر کوئی یہاں کرکٹ سے محبت کرتا ہے، یہ امن کی جانب ایک اشارہ ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت ہماری مدد کر رہی ہے۔ یہ اچھا موقع ہے اس سے ملک میں امن کی فضا قائم ہوگی۔

دوسری طرف بھارت قندھار میں ایک کرکٹ سٹیڈیم بھی تعمیر کر رہا ہے۔ سٹیڈیم میں 14 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اس پر 10 لاکھ امریکی ڈالر (14 کروڑپاکستانی روپے) لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ بلخ میں بھی بھارتی امداد سے سٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے۔