برسٹل : (دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ بارش نے پاکستانی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق برسٹل میں موسلا دھار بارش کے باعث کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ جس کے بعد آئی سی سی کی جانب سے دونوں ٹیموں کو 1.1 پوائنٹ دیدیا گیا۔ اس سے قبل سارا دن بارش رہی تاہم متعدد بار امپائر گراؤنڈز کا معائنہ کرنے کے لیے آتے رہے تاہم گراؤنڈز گیلا ہونے کے باعث میچ نہ ہو سکا۔
عالمی کرکٹ کپ میں پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں، قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز سے شکست جبکہ انگلینڈ کے خلاف کامیابی ملی۔ سری لنکا کے ساتھ میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس اور لنکن ٹائیگر کے تین تین پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ پاکستان اپنا اگلا میچ 12 جون کو آسٹریلیا کیساتھ کھیلے گا۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام نے تیز بارش کے سبب ٹیموں کو ہوٹل میں ہی رکنے کا کہا تھا، امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ میچ رکنے کے بعد 50 اوورز کی بجائے ٹی ٹوننٹی ہو گا تاہم میچ کا ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
ون ڈے کرکٹ میں آئی لینڈرز کے خلاف پاکستان کا پلہ بھاری ہے، قومی ٹیم نے 153 میچز میں سے 90 میں کامیابی حاصل کی، 58 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ برابر جبکہ 4 مقابلے بے نتیجہ رہے۔ ورلڈکپ مقابلے سات کے سات گرین شرٹس کے ہی نام رہے۔