دھونی کے گلوز پر بھارتی فوج کا نشان، آئی سی سی نے ہٹانے کا مطالبہ کردیا

Last Updated On 06 June,2019 10:14 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر بھارتی فوج کا نشان ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر بھارتی فوج کے نشان کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2019ء کے افتتاحی میچ میں مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر یہ نشان دیکھا گیا تھا۔ آئی سی سی حکام نے اس کا فوری طور پر نوٹس لیا اور بی سی سی آئی سے درخواست کی کہ دھونی کے گلوز سے اس نشان کو ہٹایا جائے۔

خیال رہے کہ انڈین وکٹ کیپر دھونی کے گلوز پر موجود نشان  بلدان  بھارت کی خصوصی فوج کا نشان ہے اور اسے صرف کمانڈوز کو پہننے کی اجازت ہے۔

یادرہے کہ رواں سال مارچ میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں فوجی کیپ پہن کر آئی تھی۔ اس اقدام پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کارروائی کرتے ہوئے کھیل کو سیاست کی نظر کرنے پر بھارت پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو خاکی ٹوپی پہننے کی اجازت دی گئی تھی۔