لاہور: (دنیا نیوز) قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ محمد عامر پاکستان کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
محمد عامر نے کہا کہ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا، آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کروں گا، ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن سٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔
ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ محمد عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ باؤلرز میں ہوتا ہے، گراونڈ اور ڈریسنگ روم میں قومی ٹیم محمد عامر کی کمی محسوس کرے گی۔
یاد رہے محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں، اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ تھی۔