لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پنجابی فلم ’’چل میرا پت‘‘ کی ریلیز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جسے غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی نے شہری محمد اکبر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عارف گوندل نے دلائل دیئے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ چل میرا پت فلم میں ہندو کلچر کو پروموٹ کیا گیا ہے، عدالت فلم کی ریلیز کو روکنے کا حکم دے۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے دلائل دیئے کہ چیئرمین سنسر بورڈ پہلے ہی فلم ریلیز کرنے کی استدعا مسترد کر چکے ہیں، فلم ریلیز کرنے سے متعلق چیئرمین سینسر بورڈ فیصلہ کر چکے ہیں، لہذا درخواست ناقابل سماعت ہے۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے فلم کیخلاف درخواست غیر مؤثر ہونے کی بناء پر نمٹا دی۔