لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لیجنڈ عبد القادر کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ میں شوبز، سیاسی، کھیل سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم سابق لیگ سپنر اور لیجنڈ عبد القادر جن کا گزشتہ روز انتقال ہو گیا تھا ان کا نماز جنازہ ادا کر دیا گیا ہے، چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق، کپتان سرفراز احمد، کرکٹر بابر اعظم نے جنازے میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق لیگ سپنر عبد القادر انتقال کر گئے، آرمی چیف، صدر، وزیراعظم کا اظہار افسوس
جنازے میں سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق، سابق لیگ اسپنر مشٹاق احمد، بابر اعظم، کامران اکمل، سلمان بٹ، سابق کرکٹر توصیف احمد، باسط علی، منصور رانا اور کرکٹر اظہر علی نے بھی شرکت کی۔
نماز جنازہ میں معروف کامیڈین سہیل احمد، قیصر پیا نے بھی شرکت کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چودھری، میاں اعجاز علی اور دیگر سیاسی شخصیات نے بھی جنازے میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر عبد القادر گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستانی بھارتی کرکٹرزسمیت سیاستدانوں اور دیگر نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عبد القادر چیف سلیکٹر سمیت پی سی بی میں متعدد عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میچز کھیلے۔ اپنے کیریئر کا آغاز 14 دسمبر 1977ء کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا جبکہ اپنا آخری ٹیسٹ 6 دسمبر 1990ء کو کھیلا۔ پہلا ون ڈے انہوں نے 11 جون 1983ء کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا، اپنا آخری ون ڈے سری لنکا کیخلاف 2 نومبر 1993ء کو کھیلا۔