لاہور: (دنیا نیوز) جادوگر اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر پاکستانی اور غیرملکی کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا نے بھی اس دکھ بھری خبر کو کوریج دی۔
لیجنڈری شین وارن، سچن ٹنڈولکر، ڈین جونز،کوچ مصباح الحق، وقار یونس، کپتان سرفراز احمد، سرفراز نواز اور انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت سب نے کہا کہ عبدالقادر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاکستانی اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر قومی اور غیرملکی کھلاڑی بھی افسردہ ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سمیت ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، باؤلنگ کوچ وقار یونس کے علاوہ کپتان سرفراز احمد نے بھی عبدالقادرکے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا، لیجنڈری سرفراز نواز اور انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ کے لیے بڑا نقصان قراردیا۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ٹویٹ میں کہا عبدالقادر کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،،، لیجنڈری عبدالقادر سے گگلی کا فن سیکھنے والے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی بولر عمران طاہر نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے والد کی طرح تھے۔
سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر، بشن سنگھ بیدی، انیل کمبلے، ہربھجن سنگھ، وی وی ایس لکشمن اور ایشون نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
آسٹریلوی سپنر شین وارن نے کہاکہ عبدالقادر پاکستان میں اسپن بولنگ کا ایک بہت بڑا نام تھے،1994 میں عبدالقادر سے ملاقات ہوئی تھی، آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے کہا کہ عبدالقادر کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ آئی سی سی اور آسٹریلو ی کرکٹ بورڈ نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں عظیم کرکٹر قرار دیا