پاکستان سری لنکا ون ڈے میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع

Last Updated On 20 September,2019 12:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاکستان سری لنکا ون ڈے میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی۔ شائقین کرکٹ نجی کوریئرکمپنی کی ویب سائٹ سے ٹکٹس خرید سکتے ہیں جبکہ کل سے مختلف کوریئر کی مخصوص شاخوں پربھی ٹکٹس دستیاب ہونگے۔

کرکٹ کے دیوانوں کیلئے اچھی خبر، پاکستان سری لنکا سیریز کیلئے آن لائن ٹکٹس کی فروخت شروع ہو گئی۔ قطاروں سے بچنا ہے تو ابھی نجی کوریئر کی ویب سائٹ پر جاکر ٹکٹ خرید لیں۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ایک روزہ میچز ہوں گے جبکہ 5،7 اور9 اکتوبر کو لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

کراچی میں ہونے والے ایک روزہ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 3000 روپے تک ہے جبکہ لاہور ٹی 20 کیلئے ٹکٹس کی قیمت 500 سے 5000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ٹکٹیں 21 ستمبر سے نجی کوریئر کمپنی کی مخصوص شاخوں پر بھی دستیاب ہوںگی۔ شائقین کرکٹ کو ایک شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹیں خریدنے کی اجازت ہے۔

قومی ٹیم کا اعلان 21 ستمبر کو چیف سلیکٹر مصباح الحق کریں گے۔ شیڈول کے مطابق 25 ستمبر کو سری لنکا کی ٹیم کراچی پہنچے گی۔