دس سال پہلے کے واقعے پر پاکستان کو تنہا نہیں کیا جا سکتا، مائیکل ہولڈنگ

Last Updated On 01 October,2019 12:42 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) نجی دورے پر پاکستان آنے والے سابق لیجنڈ ویسٹ انڈین فاسٹ بالر اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ سری لنکا کیخلاف دوسرا ون ڈے میچ دیکھنے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے صحافیوں سے گفتگو تو نہیں کی لیکن سابق قومی آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے دیئے گئے ڈنر کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف اس وجہ سے کھیل کی دنیا میں تنہا نہیں کیا جا سکتا کہ دس سال قبل کوئی منفی واقعہ رونما ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حفاظت کے حوالے سے تدابیر اختیار کرنا بہتر ہوتا ہے جو ظاہر ہے کہ ہر ملک کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور پاکستان بھی اس اعتبار سے مختلف نہیں۔ مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کا کوئی خوف یا خطرہ ہوتا تو وہ کبھی پاکستان نہ آتے تاہم انہیں یہاں کوئی مشکل درپیش نہیں جبکہ حوصلہ افزاء خبر یہ ہے کہ سری لنکن ٹیم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آئی ہوئی ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں مائیکل ہولڈنگ کی دعوت کیلئے اپنے گھر آمد کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جہاں سابق کرکٹر سعید انور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔