پہلا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا نے پاکستان کو ’با آسانی‘ ہرا دیا

Last Updated On 06 October,2019 03:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان کو ’بآسانی‘ 64 سکور سے ہرا دیا۔ لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ حسنین ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بنے، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 101 پر ڈھیر ہو گئی۔ افتخار 25 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ پردیپ اور اوڈانا نے 3.3 شکار کیے۔

پاکستان کی اننگز۔۔۔۔۔۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احمد شہزاد نے کیا۔ شروع میں آغاز جارحانہ تھا تاہم دوسرے اوورز کی پانچویں گیند پر پردیپ نے بابر اعظم کو پویلین بھیج دیا، بیٹسمین نے 13 رنز بنائے۔ طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل پہلی ہی گیند پر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

 

اوپنر احمد شہزاد 9 گیندوں پر 4 رنز بنا کر اوڈانا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ قومی ٹیم کو چوتھا نقصان افتخار احمد کی شکل میں اٹھانا پڑا جب بیٹسمین 23 گیندوں پر 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ کپتان کی گری، سرفراز احمد 32 گیندوں پر 25 رنز کی سست باری کھیلی۔ ڈی سلوا نے ان کو پویلین بھیجا۔

 

عماد وسیم پانچ گیندوں پر 7 سکور بنا کر واپس پویلین لوٹے۔ راجیتھا نے وکٹ حاصل کی۔ 87 کے مجموعی سکور پر 7 ساتویں وکٹ گری جب آصف علی 10 گیندوں پر 6 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند پر گوناتھیکلے کو کیچ دے بیٹھے۔ قومی ٹیم کی آٹھویں وکٹ فہیم اشرف کی گری۔ پردیپ کی گیند پر گوناتھیکلے نے کیچ تھاما، بیٹسمین نے 8 سکور بنائے۔ شاداب خان 6 اور محمد عامر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم 17.4 اوورز میں 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پردیپ اور اوڈانا نے 3.3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

 

سری لنکن اننگز۔۔۔
مہمان ٹیم کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز گوناتھیکلے اور فرنینڈو نے کیا، گرین شرٹس کی طرف سے پہلے اوور عماد وسیم نے کیا۔ لنکن ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔

گوناتھیکلے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شاداب خان نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ فرنینڈو نے 33 رنز بنائے۔ راجا پاکسا 32 سکور بنائے۔ فاسٹ باؤلر نے محمد حسنین نے شاندار ہیٹ ٹرک کی۔ راجا پاکسا کے بعد شناکا، جے سوریا کو پویلین بھیجا۔

مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ محمد حسنین ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں کم عم ترین ہیٹ ٹرک کرنے والے باؤلر بن گئے، شاداب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ٹاس جیتنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں لنکن ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

 

گرین شرٹس کی ٹیم احمد شہزاد، بابر اعظم، عمر اکمل، سرفراز احمد، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر اور محمد حسنین پر مشتمل تھی۔

 

سری لنکن ٹیم گوناتھیکلے، فرنینڈو، جے سوریا، پاکسا، بھانوکا، کپتان شناکا،سنداکن، اوڈانا، ہاسارنگے، راجیتھا، نوان پردیپ پر مشتمل تھی۔