ٹی ٹونٹی سیریز: قذافی سٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کی زبردست پریکٹس

Last Updated On 04 October,2019 05:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک سری لنکا ٹیموں کے مابین کل کھیلے جانیوالے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔

تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے، قذافی سٹیڈیم میں گرین شرٹس کھلاڑیوں نے پریکٹس کی، پریکٹس کے دوران قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو خصوصی ٹپس دیں۔

ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں نے خوب ورک آؤٹ کیا، لمبے عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا۔

 

سری لنکا کے خلاف تین میچز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے احمد شہزاد ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، اوپنر کو واحد اعزاز ہے کہ وہ قومی ٹیم کی طرف سے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں، انہوں نے آخری ٹی ٹونٹی 13 جون 2018ء کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے 57 ٹی ٹونٹی میچز میں 1454 رنز بنا رکھے ہیں۔ 26.43 کی اوسط سے سکو کرنے والے احمد شہزاد کے کیریئر میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹونٹی 2014ء کے دوران ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے سنچری بنائی تھی، یہ میچ بنگلا دیش کیخلاف کھیلا گیا تھا۔

 

27 سالہ قومی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی پر بہت خوش ہوں، ٹیم میں کم بیک کسی کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا، واپسی کے لیے اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے، ٹیم سے دور رہ کر اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملا۔

احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے پہلی مرتبہ گرین شرٹس زیب تن کرنے کےمترادف ہے۔ویسے بھی میرا قذافی سٹیڈیم کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے، ہماری قوم کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے، ہم وطنوں کے سامنے کھیلنے بہت بے چین ہوں۔

قومی اوپنر کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا،اسی کارکردگی کو ٹی ٹونٹی میں بھی دہرائیں گے، سیریز ورلڈکپ کے لیے ٹیم کا بہترین توازن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

دوسری جانب عمر اکمل بھی 3 سال بعد قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں، آخر بار 27 ستمبر 2016ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، مڈل آرڈر بیٹسمین نے 82 میچوں میں 1690 سکور بنا رکھے ہیں، 26.82 کی اوسط سے سکور کرنے والے عمر اکمل کے کیریئر میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا بہترین سکور 94 ہے جو کینگروز کے خلاف 2014ء کے ورلڈکپ میں بنایا تھا۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیم میں واپسی کے لیے بہت محنت کی ہے، تین سال کے عرصے میں اپنی فٹنس اور سکلز میں بہتری لانے پر پوری کوشش کی۔ میرے سسر عبدالقادر کی خواہش تھی جلد ٹیم میں واپس آؤں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی والدہ اور لیجنڈری عبد القادر کے نام کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم میں دوسری مرتبہ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز کھیلوں گا اس سے قبل زمبابوے کے خلاف قذافی سٹیڈیم میں ٹیم کی نمائندگی کر چکا ہوں۔

دوسری طرف قذافی سٹیڈیم کے اطراف کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، سڑکیں بند کر دی گئیں، میچ کے دوران 10 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ کل (ہفتے) کو کھیلا جائے گا، سکیورٹی کیلئے قذافی سٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔