کراچی: (روزنامہ دنیا) پی سی بی نے کرکٹ سری لنکا کے صدر شامی سلوا کے نا مناسب بیان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم کو گالف کھیلنے، تقاریب میں شرکت اور شاپنگ سمیت متعدد بار پیشکشں کی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ ایس ایل سی کی درخواست پر سری لنکن ٹیم اور کھلاڑیوں کیلئے صدارتی لیول کی سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے اور مہمان کرکٹرز کو لاہور اور کراچی میں گالف کھیلنے اور شاپنگ پر لے جانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ سری لنکن ٹیم کو لاہور اور کراچی میں حکومت کی جانب سے عشائیہ تقاریب میں مدعو کیا گیا لیکن کرکٹ سری لنکا نے پی سی بی کی ہر پیشکش اور دعوت پر انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے ایس ایل سی سے رابطہ کر کے شامی سلوا کی گفتگو پر مایوسی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ شامی سلوا نے کولمبو پہنچنے کے بعد دورہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر نا مناسب تبصرہ کیا تھا۔