لاہور: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں کھیلے جا رہے قومی ٹی ٹونٹی میچ کے دوران نادرن نے سدرن پنجاب کو زیر کے پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی مرد میدان قرار پائے۔ دوسرے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو پچھاڑ دیا، عماد بٹ مین آف دی میچ کا ایوارڈ لے اُڑے۔
سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا، شان مسعود اور عمر صدیق نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم یہ آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا، اوپنر شان مسعود محمد عامر کی شاندار گیند پر 8 رنز پر بولڈ ہو گئے۔ دوسری وکٹ سمیع اسلم کی گری جو 3 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی بھی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔
4️⃣4️⃣ Not out with bat
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 14, 2019
3️⃣ Catches in the field
Hometown hero, @AasifAli2018 is the Man of the Match.#SPvNOR #NationalT20Cup pic.twitter.com/WLuAHWSl9a
عمر صدیق 20 گیندوں پر 15 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر نوید ملک کو کیچ دے بیٹھے، صہیب مقصود نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنائے، محمد نواز نے وکٹ حاصل کی، سیف بدر حارث رؤف کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے، بیٹسمین نے 15 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا بھی 7 رنز پر عمر امین کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔
عامر یامین نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے، اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، سہیل تنویر نے وکٹ حاصل کی، وہاب ریاض16، عمید آصف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم نے مقررہ اوور 135 رنز بنا سکی، سہیل تنویر نے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر نے دو شکار کیے۔
ہدف کے تعاقب میں نادرن کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، اوپنر نوید ملک دو کے مجموعی سکور پر ایک رن بنا کر عرفان سینئر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، 17 کے مجموعی سکور پر روحیل نذیر 4 سکور پر عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
عمر امین نے اس دوران شاندار ففٹی رنز بنائے اور 41 گیندوں پر 50 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر صہیب مقصود کو کیچ دے بیٹھے، محمد نواز نے 25 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور زاہد محمود کی گیند پر صہیب مقصود کو کیچ دے دیا۔
عماد وسیم 11 گیندوں پر 7 رنز بنا کر وہاب ریاض کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے، تاہم اس دوران ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور 24گیندوں پر 44 رنز بنائے، ان کی اس باری میں 3 چوکے اور تین بلند و بالا چھکے شامل تھے اور ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم نے ہدف 19 اوورز میں حصہ کر لیا۔
محمد عرفان سینئر اور زاہد محمود نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ شاندار کارکردگی دکھانے اور بہترین فیلڈنگ پر نادرن کے آصف علی کو مرد میدان قرار دیدیا گیا۔
دوسرے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے اویس ضیا اور بسم اللہ خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سندھ کو مات دے دی۔ سندھ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی غلط ثابت ہو گیا اور بلوچستان کے اوپنرز امام الحق اور اویس ضیا نے اپنی ٹیم کو 33 گیندوں پر 60رنز کا شان دار آغاز فراہم کیا، امام 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد اویس ضیا کا ساتھ دینے بسم اللہ خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 99 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔
اویس ضیا نے 48 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بسم اللہ خان نے 30 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں عماد بٹ اور حسین طلعت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنانے میں کامیاب رہی، دونوں نے 10، 10 گیندوں پر بالترتیب 31 اور 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔ سندھ کی جانب سے محمد حسنین 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں خرم منظور نے جارحانہ انداز اپنایا اور 18 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عاکف جاوید نے ان کی وکٹیں بکھیر کر خطرناک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ عابد علی اور احسن علی نے دوسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر 6 رنز کے اضافے سے سندھ کی ٹیم یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہوئی۔
اس کے بعد سعود شکیل اور سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر ٹھہر کر کھیل نہ سکا اور سندھ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔عابد علی 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ سرفراز نے 25 گیندوں پر 36رنز کی باری کھیلی۔بلوچستان نے میچ میں 52 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کر لی۔بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ اور عاکف جاوید تین، تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب ہوئے۔
10-ball 31 runs with bat
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 14, 2019
Three wickets with ball
All-rounder Ammad Butt is the Man of the Match#BALvSIN #NationalT20Cup pic.twitter.com/2qTISm1Ge3