لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو اعصاب شکن میچ میں آؤٹ کلاس کر دیا، وہاب ریاض نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، تیسرے اوور میں فخر 8 رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر عمر صدیق کو کیچ دے بیٹھے، 42 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان 19 گیندوں پر 27 سکور بنا کر وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔
For his all round performance, @WahabViki is the Man of the Match.#NationalT20Cup #SPvKP pic.twitter.com/0HxcuL6w1U
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 15, 2019
51 کے مجموعی سکور پر عادل امین 7 سکور بنا کر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا نشانہ بن گئے۔ فاسٹ باؤلر نے اسی اوور میں افتخار احمد کو صفر پر پویلین بھیج دیا، اس دوران کپتان محمد رضوان اور بیٹسمین خوشدل شاہ میں پارٹنر شپ بنی، کپتان محمد رضوان نے 40 گیندوں پر 45 رنز بنا کر محمد عرفان سینئر کی گیند پر عامر یامین کو کیچ دیدیا۔
خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 56 رنز کی باری کھیلی، کے پی کے کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 154 رنز بنائے، وہاب ریاض نے تین، عرفان سینئر اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کا آغاز اچھا نہ تھا، 4 سکور پر عمر صدیق ایک رن بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، صہیب مقصود اور شان مسعود نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم بڑی پارٹنر شپ بنانے میں ناکام رہے، 43 رنز پر شان مسعود 18 رنز بنا کر محمد محسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
سمیع اسلم دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 3 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر جنید خان کو کیچ دے بیٹھے، 50 کے مجموعی سکور پر صہیب مقصود بھی محمد محسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، بیٹسمین نے 24 سکور بنائے۔
سلمان علی آغا صفر، عامر یامین 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو میچ ایسے لگ رہا تھا جیسے کے پی کے کی ٹیم بآسانی جیت جائے گی تاہم اس دوران وہاب ریاض نے بازی پلٹ دی، فاسٹ باؤلر نے 17 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، سیف بدر 49 سکور کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے،
کے پی کے کی طرف سے محمد محسن نے تین، زوہیب خان، افتخار احمد اور عثمان خان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، وہاب ریاض مرد میدان قرار پائے۔
Fans at Iqbal Stadium, Faisalabad #SPvKP LIVE: https://t.co/ycssYvaEh8#NationalT20Cup pic.twitter.com/ROr0T8iW6r
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 15, 2019