لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے میچ میں ناردرن کی طرف سے کھڑا کیا گیا رنز کا پہاڑ سینٹرل پنجاب نے سر کر لیا۔ احمد شہزاد نے شاندار سنچری بنائی۔
نادرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، عمر امین اور نوید ملک نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی نوید ملک ناکام رہے اور دو رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وقاص مقصود کو کیچ دے بیٹھے، 23 کے مجموعی سکور پر فہیم نے روحیل نذیر کو بولڈ کر دیا۔
Central Punjab won by 4 wickets #CPvNOR #NationalT20Cup
— National T20 Cup 2019 (@TheRealPCB_Live) October 15, 2019
تیسری وکٹ عمر امین کی گری جنہوں نے 32 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ اس اننگز میں 2 چھکے اور تین چوکے شامل تھے، 59 کے مجموعی سکور پر سپنر عثمان قادر کی گیند پر وقاص مقصود کو کیچ دیدیا۔ محمد نواز نے شاندار آل راؤنڈ کھیل پیش کیا اور 35 گیندوں پر 50رنز کی باری کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے چار بلند و بالا چھکے لگائے۔
آصف علی نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر دوسری جارحانہ باری کھیلی، انہوں نے 35 گیندوں پر 93 رنز کی شاندار باری کھیلی، ان کی اس اننگز کی خاص بات کہ انہوں نے 10 چھکے لگائے اور ایک ٹی ٹوئنٹی اننگز 10 چھکے جڑنے والے تیسرے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔اس سے قبل کامران اکمل نے 2017 میں ایک اننگز میں 12چھکے لگائے تھے، بلال آصف نے 2015 میں 10 گیندوں کو فضائی روٹ سے باﺅنڈری کے باہر بھیجا تھا۔
آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی 5 گیندوں پر 22 رنز بنائے، ناردرن کی پوری ٹیم نے مقررہ اوورز میں 222 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے تین، وقاص مقصود، نسیم شاہ، عثمان قادر نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی، اوپنر احمد شہزاد اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے میچ میں سنچری بنانے والے بابر اعظم دوسرے میچ میں 4 سکور پر عماد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، کامران اکمل کی باری بھی 6 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور عماد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس دوران اوپنر احمد شہزاد ’’ون مین آرمی‘‘ بن گئے اور گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے، رضوان حسین کے ساتھ مل کر انہوں نے سکور آگے بڑھایا تاہم رضوان حسین 70 کے مجموعی سکور پر 20 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے، عمر اکمل کی باری 10 سکور تک محدود رہی، سعد نسیم نے 20 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
100 comes up for @iamAhmadshahzad #CPvNOR LIVE: https://t.co/vvSGvhqoyH#NationalT20Cup pic.twitter.com/rQTaWFRIkK
— National T20 Cup 2019 (@TheRealPCB_Live) October 15, 2019
اس دوران احمد شہزاد نے اپنی شاندار سنچری بنائی اور فتح میں اہم کردار ادا کیا، 60 گیندوں پر 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،، اس باری میں 13 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، فہیم اشرف نے 15 گیندوں پر 28 رنز کی باری کھیلی۔ سینٹرل پنجاب نے ہدف 19 ویں اوورز میں مکمل کر لیا، عماد وسیم نے تین، سہیل تنویر، حارث رؤف نے ایک ایک شکار کیے، شاندار کارکردگی دکھانے پر احمد شہزاد مرد میدان قرار پائے۔