اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے سری لنکن کرکٹ آفیشلز نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے سری لنکن ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے 10 سالہ انتظار کا اختتام ہو گیا ہے، شائقین خوشی سے نہال ہیں، خوف کی دیوار گرا کر سری لنکن ٹیم کی ایک بار پھر واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا 10سالہ قحط آج ختم ہوا جب دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا۔
یاد رہے کہ لاہور میں مارچ 2009 میں ہونے والے سری لنکن ٹیم پر حملے سے جو سلسلہ ختم ہوا اس کو جوڑنے کیلیے بھی آئی لینڈرز نے ہی پاکستانی سرزمین پر قدم رکھے ہیں۔
آج میچ کے دوران سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 68.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لیے ہیں، موسم کی خرابی کے باعث میچ کو جلد ختم کر دیا گیا۔
پہلے روز میچ کے بعد مہمان ٹیم کے آفیشلز نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سری لنکن ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا دوبارہ آغاز باعث مسرت ہے۔