اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ آدمی ملک اور عوام کا دشمن ہے۔ نوجوان جب کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے تو نیا پاکستان بنے گا۔
انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے منصوبے کک بیکس کیلئے بنائے جاتے ہیں۔ کہتے ہیں اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے، ایسی باتیں بیوقوف ہی کر سکتے ہیں۔ ملک میں کرپٹ لوگوں پر پھول پھینکے جاتے ہیں۔ لوگوں کو سمجھ ہی نہیں کہ پیسہ چوری کرنے سے ملک کا کتنا نقصان ہوتا ہے۔
عمران خان نے اس موقع پر اینٹی کرپشن ایپ کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے اب کرپشن چھپ نہیں سکتی۔ ایپ کی لانچنگ پاکستان کو ماڈرن سوسائٹی بنانے میں مددگار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ معاشروں میں انویسٹمنٹ نہیں آتی۔ اوورسیز پاکستانی کہتے ہیں کرپشن کی وجہ سے انویسٹمنٹ نہیں کر سکتے۔ اگر ہم نے کرپشن پر قابو پا لیا تو اوورسیز پاکستانی ملک میں انویسٹمنٹ شروع کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگ حکومت میں آ کر پیسہ بناتے ہیں۔ کرپٹ لوگ پیسہ بینکوں میں نہیں ٹی ٹیز کے ذریعے باہر بھجوا دیتے ہیں۔ کرپٹ لوگ پیسہ باہر بھجوا کر ملک کا دگنا نقصان کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں کرپٹ قومیں سب سے زیادہ غریب ہیں۔ جن ملکوں میں کرپشن نہیں وہ سب سے زیادہ امیر ہیں۔ کانگو ہیرے اور جواہرات حامل ملک ہونے کے باجود رپشن کی وجہ سے غریب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خاندانی سیاست جمہوریت کی نفی ہے، وزیراعظم عمران خان
اس سے قبل نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہن تھا کہا کہ مجھے کہا گیا آپ سائنس و ٹیکنالوجی کو سنجیدہ نہیں لیتے، فواد چودھری کو سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا گیا، اچھے کپتان کو پتا ہوتا ہے کس کھلاڑی کو کس نمبر پر کھیلانا ہے، اس شعبے کیلئے فواد چودھری کی کوشش کو سراہتا ہوں، ہر چیز ایک وژن سے شروع ہوتی ہے، خود اعتمادی کھونے والی قوم محتاج ہو جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری فیملی کا سیاست میں آنا جمہوریت کی نفی ہے، بڑے مقصد کیلئے کشتیاں جلانا پڑتی ہیں، جنون ٹیلنٹ کو ہرا دیتا ہے، انسان کا وژن جتنا بڑا ہوگا اتنی ہی کامیابی حاصل کرے گا، کچھ دن پہلے بھی ایک پلان ہوا تھا، پھر بی اور سی ہوا، پھر زیڈ پر چلا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا ہم تعلیم کے شعبہ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ماضی میں میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملکی ترقی رک گئی، کچھ لوگ برے وقت میں دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں، گر کر کھڑے ہونے کے بعد آپ میں اور طاقت آجاتی ہے، جب تک آپ ہار نہیں مانیں گے، آپ کو کوئی ہرا نہیں سکتا، کچھ لوگ ریٹائرمنٹ کے بعد بوڑھے ہو جاتے ہیں، ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے، کرکٹ پر باتیں کرتا اور کروڑوں کما سکتا تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا جب کرکٹ کھیلتا تھا تو میرے بھی رول ماڈلز تھے، جمعہ کی نماز کیلئے والد زبردستی لے کر جاتے تھے، دنیا کے رول ماڈل نبی کریم ﷺ ہیں۔