اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کامیاب نوجوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ختم اور نوکریاں پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے ہے۔ ہم ملک میں میرٹ سسٹم لا رہے ہیں۔ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو آسانیوں کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ بزنس کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری کوشش ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی جدوجہد کا نام، کوئی بھی پہلے دن کامیاب نہیں ہوتا، محنت کرنے والے ہی آگے بڑھتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا کو پتا چل رہا ہے کہ پاکستان کو اللہ نے کتنی خوبصورتی دی ہے۔ سب سے سے جلدی نوکریاں سیاحت سے ملیں گی۔ اس کے علاوہ ہماری خواتین کو بہت ضرورت ہے کہ انھیں نئے مواقع ملیں۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور وہاں کے سسٹم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہر شعبے میں نمایاں ہیں۔ ساجد خان جیسے لوگ خود محنت کر کے آگے پہنچے۔ امریکا میں ٹاپ بزنس مین پاکستانی ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک آگے نکلتا ہے جس کا میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے۔ کامیاب معاشرے میں شفافیت ہوتی ہے اور لوگوں کو سہولتیں دیتا ہے۔ جس میں محنت کرنے کی قابلیت ہوتی ہے وہ آگے بڑھتے ہیں۔