اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وزارت اطلاعات ونشریات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، فردوس عاشق اعوان، شہباز گل اور سیکرٹری اطلاعات شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی، افرادی قوت اور مختلف وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے ہم آہنگی مزید موثر بنانے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے ضمن میں مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات حکومت کے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو اجاگر کرے جبکہ معاشی ترقی اور خارجہ امور میں پاکستانی حیثیت کو اجاگر کرنے کیلئے موثر اقدامات بھی کیے جائیں۔ انہوں نے موجودہ دور کے مطابق وزارت اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔