کرپشن کا خاتمہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا، بلاتفریق احتساب جاری رہیگا: وزیراعظم

Last Updated On 06 December,2019 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے، بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور بلا تفریق احتساب بھی جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران سے صوبہ سندھ سے اتحادی جماعتوں کے ممبران نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ملاقات کی۔ شرکا نے وزیراعظم کو سندھ کے عوام کی ترقی کے روڈ میپ پر عملدرآمد میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیا کا معاشرے میں کلیدی کردار، حکومت اس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے: وزیراعظم

شرکا کا کہنا تھا کہ گیس رائلٹی رقوم کا استعمال ان علاقوں میں ممکن بنایا جائے جن کا حق ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں میں سندھ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے فوکل پرسنز لگانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’کاروباری رکاوٹوں کا خاتمہ اور نوکریاں پیدا کرنا حکومت کا کام ہے‘

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کی وجہ سے ملک ترقی اور خوشحالی سے محروم رہا۔ ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق وامتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔
 

Advertisement