جنوبی ایشیا کی ترقی کیلئے غربت، جہالت اور بیماری کا خاتمہ اولین ذمہ داری ہے: وزیراعظم

Last Updated On 08 December,2019 02:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خطے کی ترقی کیلئے علاقائی تعاون کی طاقت پر یقین، غربت، جہالت، بیماری کا خاتمہ اولین ذمہ داری ہے، برابری اور باہمی عزت سے ہی علاقائی تعاون کا حصول ممکن ہے۔

وزیراعظم نے سارک چارٹر ڈے پر پیغام میں کہا کہ 8 دسمبر کا دن جنوبی ایشیا کے رہنماوں کی وسعت نظری اور دور اندیش ترقی پسند سوچ پر مشتمل سارک چارٹر کی یاد دلاتا ہے جو نہ صرف علاقائی امن و سلامتی بلکہ باہمی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جنوبی ایشیا کے عوام کی اپنے رہنماوں سے بندھی امیدیں اور درپیش چیلنجز جن میں غربت، جہالت، بے روزگاری اور بیماری سمیت دیگر گوناگو مسائل شامل ہیں، کے حل کیلئے مل جل کر کام کرنے کے عہد کی تجدید کرنی چاہیئے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان برابری کی سطح پر پُرامن بقائے باہمی اور ترقی و استحکام کے سارک چارٹر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیائی قوموں کے مابین مزید تعاون کیلئے پُرامید ہے۔
 

Advertisement