اسلام آباد: (طارق عزیز) مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے سینئر پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے نئے انتخابات کیلئے راہ ہموار کریں، شفاف اورغیر جانبدار انہ انتخابات کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کیا جائے کیونکہ موجودہ نظام کے تحت نئے انتخابات بھی بے فائدہ ہونگے، دوسرے آپشن کے طور پر ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اپوزیشن سے مشاورت کر کے حکمت عملی طے کی جائے۔
ذرائع کے مطابق لندن مشاورتی اجلاس میں نئے انتخابات کے انعقاد اور ان ہاؤس تبدیلی کے آپشن پر غور کیا گیا، لیگی رہنماؤں کی اکثریت نئے انتخابات کی بجائے ان ہاؤس تبدیلی کی تجویز پیش کی جبکہ نواز شریف نے انہیں پہلی ترجیح کے طور پر نئے انتخابات کے لئے راہ ہموارکرنے کے لئے جدوجہد کی ہدایت کی اور کہا دوسری ترجیح کے طور پر ان ہاؤس تبدیلی کے آپشن پر کام کیا جائے۔
نواز شریف نے خواجہ آصف، پرویز رشید، ایازصادق، احسن اقبال، رانا تنویر، امیر مقام، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور شہباز شریف کے ساتھ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔