کراچی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی، ساری ٹیم 191 رنز پر پویلین لوٹ‌ گئی

Last Updated On 19 December,2019 03:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا ٹیسٹ کراچی میں شروع ہوا، کپتان اظہر علی نے ٹاس تو جیت لیا تاہم صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے. ان کی کارکردگی کا اثر تمام ٹیم پر پڑا جو 191 رنز پر آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی.

کراچی نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا، پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی میدان میں اترے، چھٹے اوور کے اختتام تک شاہینوں نے 10 رنز بنائے تھے۔ ساتویں اوور میں پاکستانی اوپننگ آرڈر لڑکھڑا گیا جب شان مسعود فرنینڈو کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے محض5 رنز بنائے تھے۔

ان کے بعد کپتان اظہر علی کریز پر آئے تو ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفر رنز پر آوٹ ہو گئے، انہیں بھی فرنینڈو نے پویلین لوٹایا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور صرف 14 تک محدود تھا۔ بابراعظم میدان میں آئے تو پاکستانی شائقین کو کچھ امید پیدا ہوئی۔ عابد علی کے ساتھ پارٹنر شپ میں قدرے بہتر کارکردگی دیکھنے میں آئی، عابد نے شاندار شاٹس لگا کر 7 چوکے لگائے تاہم مجموعی سکور میں وہ صرف 38 رنز کا اضافہ کر سکے اور کمارا کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بابر اعظم نے 96 بالز کھیلیں اور 60 رنز بنا کر ایمبلڈنیا کی گیند پر آوٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 144 رنز پر مشتمل تھا۔ ان کے بعد اسد شفیق نے 63 جبکہ حارث سہیل محض 9 رنز بنا پائے۔

حارث سہیل پویلین کیا لوٹے کہ پاکستانی بلے بازوں کی جیسے لائن لگ گئی۔ محمد رضوان4، یاسر شاہ اور محمد عباس صفر جبکہ شاہین شاہ آفریدی 5 اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے، اس طرح 191 کے مجموعی سکور پر ساری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ 

قبل ازیں کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس حوالےسے ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ ہے، بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم میں عثمان شنواری کی جگہ یاسرشاہ کو شامل کیا گیا ہے تاہم 10 سال بعد اسکواڈ کا حصہ بننے والے فواد عالم کو پھر ڈراپ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بارش اور کم روشنی کے سبب ڈرا ہو گیا تھا، سری لنکا نے 306 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے تھے۔