پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ: پہلا روز باؤلرز کے نام، 13 وکٹیں گر گئیں

Last Updated On 19 December,2019 07:10 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز باؤلرز کے نام رہا، ایک دن کے دوران دونوں ٹیموں کی 13 وکٹیں گر گئیں۔

پاکستان کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی گئی، قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، ساتویں اوور میں پاکستانی اوپننگ آرڈر لڑکھڑا گیا جب شان مسعود فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ 10 کے مجموعی سکور پر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین 5 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیسٹ میچز میں مسلسل ناکام رہنے والے کپتان اظہر علی کا بلا رنز بنانا بھول گیا، 10 کے مجموعی سکور پر فرنینڈو نے انہیں صفر پر بولڈ کر دیا۔ بابراعظم میدان میں آئے تو شائقین کو کچھ امید پیدا ہوئی۔ عابد علی کے ساتھ پارٹنر شپ میں قدرے بہتر کارکردگی دیکھنے میں آئی۔

اس دوران عابد علی نے چند خوبصورت شارٹس بھی کھیلے، پہلی ٹیسٹ میں ڈیبیو پر سنچری بنانے والے بیٹسمین صرف 38 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بابر اعظم کے ساتھ مل کر 55 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

بابر اعظم نے اس دوران اسد شفیق کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا اور اپنی ففٹی مکمل کی جبکہ اسد شفیق نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے ففٹی بنائی۔ دونوں سینئر بیٹسمین کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری بنی۔

بابر اعظم 60 رنز بنا کر ایمبلڈینیا کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہوئے، اسد شفیق 126 گیندوں پر 63 سکور پر کمارا کی گیند پر فرنینڈو کو کیچ دے بیٹھے۔ دیگر بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔

حارث سہیل 9، محمد رضوان 4، یاسر شاہ صفر، محمد عباس 0، شاہین شاہ آفریدی 5 جبکہ نسیم شاہ 1 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم 59.3اوورز میں 191 رنز بنا سکی۔ مہمان ٹیم کی طرف سے کمارا، ایمبلڈینیا نے 4.4 وکٹیں حاصل کیں، فرنینڈو نے دو شکار کیے۔

سری لنکا کی طرف سے اننگز کا آغاز فرنینڈو اور کپتان کرونارتنے نے کیا، مہمان ٹیم کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا جہاں پر ساتویں اوورز میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 28 کے مجموعی سکور پر فرنینڈو کو پویلین بھیج دیا جنہوں نے 4 رنز بنائے تھے۔

لنکن ٹیم کو دوسرا نقصان کپتان کرونارتنے کی صورت میں اُٹھانا پڑا جب محمد عباس کی غیر معمولی گیند پر کپتان بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔

کوشال مینڈس بھی زیادہ تر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 27 گیندوں پر 13 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سلپ میں موجود حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔

پہلے روز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لیے۔ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بارش اور کم روشنی کے سبب ڈرا ہو گیا تھا، سری لنکا نے 306 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے تھے۔