کراچی: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر مبارکباد دیتا ہوں، ٹیسٹ میچ میں کامیابی کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ زیادہ کھیلنا ہو گی۔ کراچی کا ٹیسٹ جیتیں گے۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں قومی کرکٹر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹیسٹ کرکٹ زیادہ نہیں ملتی، پنڈی میں جس طرح سے شائقین آئے بہت اچھا لگا۔ جس طرح کا پلان ملتا ہے ویسا ہی پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین کو ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر مبارکباد دیتا ہوں، راولپنڈی میں موسم کی وجہ سے میچ مکمل نہیں ہو سکا، کراچی کا میچ امید ہے مکمل ہو گا اور پاکستان جیتے گا، پاکستان کی باؤلنگ لائن اپ اچھی ہے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کراچی میں فاسٹ باؤلرز کو مدد ملتی ہے، ہر میچ سے قبل ٹیم میٹنگ ہوتی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کے ساتھ مختلف سیشنز کیے، سیشنز کافی اچھے رہے، خوش قسمتی ہے کہ جب قومی ٹیم میں آیا تو مشتاق احمد ٹیم کے باؤلنگ کوچ تھے، ان کے ساتھ کام کر کے کافی اچھا لگا۔ اپنے ایکشن پر کافی کام کیا ہے۔ کوشش ہو گی کہ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھاؤں۔
سینئر ٹیسٹ بیٹسمین اسد شفیق کا کہنا تھا کہ میرا کیریئر کراچی سے شروع ہوا، بہت پرجوش ہوں کہ یہاں ٹیسٹ میچ ہو گا، کوشش ہوگی کہ ایسا پرفارم کروں جو یادگار رہے، کراچی کی پچ اچھی ہے، بلےباز کو آسانی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کس کو بنانا ہے، کس کو ہٹانا ہے یہ سب کرکٹ بورڈ کا کام ہے، جو بھی زمہ داری دی گئی اسے اچھے سے نبھایا، اظہر علی مشورہ کرتے ہیں خود بھی ان سے مختلف ایشوز پر بات کرتا ہوں، مجھے جو بھی کردار دیا جائے گا میں اسے نبھانے کیلئے تیار ہوں۔