راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کچھ نہیں کر سکتے کوشش کریں گے جمعہ والے دن اچھی پرفارمنس دیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا میچ خراب روشنی کے باعث جلد ملتوی کر دیا گیا تھا۔ سری لنکن ٹیم نے 6 وکٹوں پر 263 رنز بنا رکھے ہیں۔
دوسرے روز میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کھیلنے کا اپنا مزہ ہے، جب پہلی وکٹ لی تو مجھے بہت اچھا لگا، موسم اچھا تھا جس کے باعث گیند میں سوئنگ مل رہی ہے مگر گیند ایک جگہ رکھنی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے سپل کے لیے پہلے سے تیار رہنا پڑتا ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ ایک ہی لائن اینڈ لینتھ پر گیند کریں، موسم کی وجہ سے ٹائم کم مل رہا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ کوشش کرینگے جتنا ٹائم ملے زیادہ سے زیادہ آؤٹ کریں، دل تو چاہتا ہے کہ جلدی سے جلدی آؤٹ کریں، 3 سو سے پہلے ٹیم کو آؤٹ کرنے کی کوشش کرینگے۔
فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میچ کو دیکھنے کے لیے ملک بھر سے لوگ آئے، میرے گاؤں سے آنے والے لوگوں کی بھی بہت خوشی ہوئی، 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ ٹائم ملنا مشکل ہوتا ہے، نئی گیند کرنا اچھا لگتا ہے، پہلی بار وقار یونس کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔
دوسری طرف سری لنکن کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ڈکویلا کا کہنا تھا کہ پوری اننگز کے لیے ہمارا ایک پلان ہے، کرکٹ کے بارے میں پیشگوئی نہیں ہونی چاہیے، ایک روز قبل پاکستان نے پہلے سیشن میں تھوڑی کم اور دوسرے سیشن میں بہتر باؤلنگ کی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ہمیں باؤلرز پر بہت اعتماد ہے، 3 سو سے زیادہ سکور کرنے کی کوشش کرینگے، اگر 3 سو سے زیادہ سکور کیے تو جیت کے امکانات ہیں، ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں ہمارا یہاں بہت خیال رکھا گیا، یہاں کے شائقین بھی بہت اچھے ہیں جو ہر لمحے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔