لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا جس کے بعد انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ٹیم میں جگہ نہ بنانے والے یاسر شاہ کو قومی ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا ہے، ریلیز ہونے کے بعد سپنر این سی اے لاہور میں رپورٹ کرینگے۔
یاسر شاہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے، 16 دسمبر کو قومی کرکٹ ٹیم کو کراچی میں دوبارہ جوائن کرلیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا، سابق ٹیسٹ سپنر مشتاق احمد کی گزشتہ ہفتے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے تقرری کی گئی تھی۔