لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو جنوبی میں شیڈول دورہ پاکستان کے حوالے سے رواں ہفتے پتہ چل جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے حوالے سے سکیورٹی رپورٹ جمع کرا چکا لیکن دورے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔ پی سی بی بنگلہ دیش کو دورے کے دوران کراچی میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی تھی اور جب اس بارے میں نظام الدین سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ ثانوی سوال ہے۔
بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے چیف کا کہنا تھا کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے بات چیت سے قبل ہم پاکستان میں سکیورٹی مسائل کے سبب حکومتی ہدایات کے منتظر ہیں، ہمیں حکومت کی اجازت درکار ہے اور پہلے ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم دورہ کرسکتے ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں کیونکہ دورہ اگلے ماہ شیڈول ہے، امید ہے کہ صورتحال واضح ہو جائے گی اور پتہ چل جائے گا کہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے یا نہیں۔
بھارت کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد بنگلہ دیش مزید کچھ عرصے تک دوبارہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ’کرک انفو’ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھرپور پریکٹس کے بغیر کھلاڑیوں کو دوبارہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کھلانے کا خواہاں نہیں، موجودہ شیڈول کے ساتھ ان کا دورہ پاکستان میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنا مشکل نظر آتا ہے کیونکہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے سیزن کا اختتام 17جنوری کو ہو گا۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیس کے دورہ پاکستان کا آغاز 23 جنوری کو ہو گا جس میں تین ٹی20 اور ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 20 فروری سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہونا ہے اور اور اس صورت میں بنگلہ دیش کو ڈے نائٹ پریکتس میچ کی صورت میں پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان گزشتہ 8سال سے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کا تجربہ کر رہا ہے جہاں 2011 میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کا انعقاد نارنجی گیند سے کیا گیا تھا جبکہ قومی ٹیم اب تک 4ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے۔