راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کرورتنے کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں ہمیں بہت اچھے طریقے سے خوش آمدید کہا گیا جبکہ ملک میں کرکٹ کی بحالی سے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ خوشی سے نہال ہو گئے۔
پہلے روز میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب پہلی گیند کھیلی تو بہت گھبرایا ہوا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ کھیل میں بہتری آتی گئی اور جیسے جیسے کھیل آگے بڑھا کھیلنے کا لطف آیا، اس پچ سے ہمیں بیٹنگ میں مدد ملی لیکن لنچ کے بعد پاکستان نے اچھا پرفارم کیا۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، پاکستان کے کھلاڑی اچھے ہیں جب کہ ہمیں حکام کی جانب سے بہت اچھی سپورٹ ملی اور دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں ہمیں بہت اچھے طریقے سے خوش آمدید کہا گیا اور بہت خیال بھی رکھا جارہا ہے۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ اپنے ملک میں کھیلنے پر بے حد خوش ہوں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پچ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار تھی، لنچ سے پہلے بھی وکٹ لینے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکا، ہماری کوشش ہوگی سری لنکن ٹیم کو 250 پر آؤٹ کردیں۔
نسیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ملک میں انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر بے حد خوش ہوں، پاکستانی گراؤنڈ میں شائقین کے سامنے کھیلنے کا مزا آتا ہے پریشر کوئی نہیں تھا لیکن بہت پرجوش تھا، ہر گیند کے ساتھ شائقین نے بہت سپورٹ کیا بہت مزا آیا، کراؤڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو وقت نکال کر میچ دیکھنے آئے۔
ایک سوال کے جواب میں فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ وکٹ میں اسپنر کی ضرورت ہے یا نہیں، لنچ بریک کے بعد کچھ حکمت عملی تبدیل کی جس کا نتیجہ اچھا ملا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے جتنا کھیلوں اپنے ملک کے لئے کھیلوں تاکہ لوگ اچھے لفظوں میں یاد کریں۔