پہلا ٹیسٹ: قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا ہوم گراؤنڈ پر ’ڈیبیو‘

Last Updated On 11 December,2019 06:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک منفرد ریکارڈ بن گیا ہے، یہ ریکارڈ بین الاقوامی سطح پر پہلی بار بنا ہے، یہ ریکارڈ قومی ٹیم کے نام بنا ہے جس میں پوری ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر اپنا ڈیبیو کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ قومی ٹیم 10 سال کے طویل عرصے کے بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔

بظاہر تو آج میچ کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری اور بیٹسمین عابد علی کو ڈیبیو کیپ دی گئی۔ ٹیم میں شامل کپتان سمیت دیگر کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی 75 اور اسد شفیق 71 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن دونوں سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ لیکن اب ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کی بحالی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے بھی کھل چکے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ کا میلا سج چکا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یادگار ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اور سابق سری لنکن کپتان بندولا ورناپورا کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔