پاکستان محفوظ ملک، ٹی ٹونٹی، ون ڈے سیریز نہ کھیلنے پر افسوس ہے: سری لنکن کپتان

Last Updated On 18 December,2019 11:17 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ مجھے بہت افسوس رہے گا کہ میں نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیوں نہیں کیا۔ بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ کرکٹ کے لیے پاکستان محفوظ ملک ہے اور ہم اپنے آپ کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ شہر کراچی میں دس سال بعد کھیلا جائے گا، دس سال قبل بھی سری لنکن ٹیم نے شہر قائد میں میچ کھیلا۔

میچ ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرونارتنے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ کیلئے ایک تبدیلی ہو گی اور رجیتھا نہیں کھیل سکیں گے لیکن ہم نے ابھی تک میچ کے لیے فائنل الیون کا فیصلہ نہیں کیا اور وکٹ دیکھنے کے بعد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے تو ہم دیکھیں گے کہ وکٹ پر گھاس ہے یا نہیں اگر گھاس ہوئی تو ہم 3 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جائیں گے اور اگر گھاس نہ ہوئی تو ہم دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران سری لنکن کپتان سے سوال پوچھا گیا کہ بنگلا دیش کو پاکستان کو دورے پر آنا چاہیے یا نہیں اور وہ انہیں کیا پیغام دیں گے تو جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ انہیں آنا چاہیے یا نہیں لیکن اگر آپ مجھ سے پوچھیں میں خود پاکستان میں بہت محفوظ تصور کرتا ہوں، سکیورٹی اہلکار 100 فیصد سے بڑھ کر کارکردگی دکھا کر ہمیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں، ہم بہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں دمتھ کرونارتنے کا کہنا تھا کہ مجھے پچھتاوا ہے کہ میں نے ٹی 20 اور ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا لیکن اس وقت یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا کیونکہ میں پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا۔

اپنے سابقہ فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ خبروں اور سوشل میڈیا پر پاکستان کے بارے میں کچھ مثبت خبریں بھی نہیں چل رہی تھیں جسکی وجہ سے میں نے نہ آنے کا فیصلہ کیا لیکن جو کھلاڑی یہاں سے ہو کر گئے انہوں نے کافی اچھی باتیں کیں جسکے بعد ہمارے تمام سینئر کھلاڑیوں نے ٹیسٹ سیریز کے لیے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ماضی میں ٹیم کے ساتھ ٹی 20 اور ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان نہ آنے پر پچھتاوا ہے لیکن مستقبل میں ہم ہر طرح کا فارمیٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئیں گے۔

کرونارتنے نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کو بہترین آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو سال سے ہم ہوم اور اوے ٹیسٹ سیریز کھیل رہے تھے لیکن اب سخت مقابلہ ہے، آپ 12 ہوم اور اوے میچ کھیلیں گے اگر ہوم سیریز میں اچھا کھیل پیش کرتے ہیں تو آپ کو اوے سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنا ہو گا تاکہ آپ ٹیبل پر اچھی پوزیشن حاصل کر سکیں۔

لنکن کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور آسٹریلیا بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں اور ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں لہٰذا انہیں پیچھے چھوڑنے کے لیے ہمیں ہر میچ جیتنا ہو گا اور ہم اچھی کرکٹ کھیل کر پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔