لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑیوں نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020ء میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم بابر اعظم، اوپنر فخر زمین، فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین پر امید ہیں کہ نوجوان کھلاڑی ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
مختلف ادوار میں قومی انڈر 19 کرکٹ کی نمائندگی کرنے والے کرکٹرز متفق ہیں کہ انڈر 19 کرکٹ کسی بھی کھلاڑی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی پہلی سیڑھی ہے۔
یاد رہے کہ اظہر علی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2002ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ بابر اعظم آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010ء اور 2012ء میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم جنوبی افریقہ روانہ
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2012ء میں پاکستان کی قیادت کرنے والے بابر اعظم ایونٹ کے چھ میچوں میں 287 رنز بنا کر سب سے زیادہ سکور بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔
گزشتہ ورلڈکپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ میچز میں 12 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ نسیم شاہ اور محمد حسنین اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کپ 2018ء میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فخر زمان کراچی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے، میرا مشورہ ہے جنوبی افریقا میں بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان انڈر 19 کرکٹ ٹیم روحیل نذیر اور حیدر علی نے قائداعظم ٹرافی 2019-2020ء کے فائنل میں ناردرن کی نمائندگی کی تھی۔ بطور حریف کرکٹرز وہ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے۔
Pakistan national men s team wishes good luck to U19 side for @ICC #U19CWC. More: https://t.co/fzcqlm3XwN pic.twitter.com/Xl6xEZ7WUz
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 10, 2020
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا، نوجوان بلے بازوں کو مشورہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی پچز پر گیند پر باؤنس ہوتا ہے، لہٰذا نوجوان کھلاڑیوں کو مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی متحد ہو کر کھیلیں گے تو ایونٹ میں کامیابی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
فخرزمان کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے چند کرکٹرز جن میں روحیل نذیر اور حیدر علی نمایاں ہیں، ان کرکٹرز کے ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکا ہوں۔
I wish all the best to the U19 team. My message for them is to do well, like they have been doing recently. Help each other and believe in your teammates’ abilities: @babarazam258. MORE: https://t.co/fzcqlm3XwN #U19CWC #WeHaveWeWill pic.twitter.com/zRCmAh1ddp
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 10, 2020
بائیں ہاتھ کے اوپنر کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کرکٹ ایک کھلاڑی کی بنیاد بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھا کر کھلاڑی قومی سینئر ٹیم میں آ سکتے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی انڈر کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر اور سکواڈ میں شامل اسپنر آرش علی خان کے ساتھ کرکٹ کھیل چکا ہوں، بورڈ کی طرف سے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
حال ہی میں قومی انڈر کرکٹ ٹیم سے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیل چکا ہوں، تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ٹیم کی خاصیت، متحد ہو کر میدان میں اترنا ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا کہنا تھا کہ انڈر کرکٹ سکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پر امید ہوں۔