چیئر مین پی سی بی احسان مانی بنگلا دیشی ہم منصب سے ملنے دبئی جائینگے

Last Updated On 13 January,2020 04:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی رواں ہفتے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سے دبئی میں ملاقات کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ چیئر مین پی سی بی بورڈ احسان مانی رواں ہفتے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سے دبئی میں ملاقات کریں گے، دونوں بورڈز کے سربراہان کے درمیان ملاقات آئی سی سی گورننس ریویو کمیٹی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہو گی۔

احسان مانی اور نظم الحسن کی ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورت حال کو بنیاد بناتے ہوئے فی الحال ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد رواں ماہ شیڈول بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو رواں ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور بنگلہ دیش اپنی ٹیم ٹی20 میچوں کے لیے تو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار تھا لیکن ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان میں زیادہ وقت گزارنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا۔

بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز غیرجانب دار مقام پر کھیلنے کی پیش کش کی لیکن پاکستان نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی میچز کھیلے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ہچکچاہٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے انہیں پہلے صرف دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے اور ٹی20 بعد میں کھیلنے کی پیش کش کی تھی تاہم اس پر بھی بنگلہ دیش راضی نہ ہو سکا۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ آج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں متوقع تھا جس میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے سبب حکومت نے ہمیں طویل عرصے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’کرک انفو‘ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیں دورہ پاکستان کی اجازت تو دے دی ہے لیکن مشرق وسطی میں کشیدگی کے سبب ہمیں دورہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹیم صرف ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

نظم الحسن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے فیصلے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات کریں گے، ہمارا مؤقف واضح ہے لیکن دیکھنا ہے کہ اب ان کا کیا ردعمل ہوتا ہے، جہاں تک سیکیورٹی کا تعلق ہے تو ٹی20 ایک بہتر آپشن ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہم نے ٹیسٹ سیریز کے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا بلکہ ہم صرف شیڈول میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ موقف کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان اب منسوخ ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی صرف ٹی20 سیریز کی میزبانی سے انکار کر چکا ہے تاہم فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔