اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر سے ملاقات کی ہے۔
نئے برطانوی ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کرسٹین ٹرنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ذریعے سے دو طرفہ وابستگی دونوں ملکوں کو قریب رکھتی ہے، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لئے پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کی بہتری بے حد اہمیت کی حامل ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف حکومتی سطح پر نہیں بلکہ لوگوں کا آپس میں تعلق بھی بہت زیادہ ہے۔ برطانیہ کی ٹیم کو پاکستان میں آ کر کھیلنے کی دعوت پر غور کرنا چاہیے، اگر میں یہ کر سکوں تو میرے لئے یہ نہایت اعزاز کی بات ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی ٹیم پاکستان آنے پر مکمل تعاون کریں گے، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو فوراًٰ زیر غور لاتا ہوں، برطانوی ہائی کمشنر کرکٹ کا کھیل پاکستانی لوگوں کے دلوں سے بے حد قریب ہے۔