پہلا ٹیسٹ: قومی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، شائقین کی کھلاڑیوں کیساتھ سیلفیاں

Last Updated On 03 February,2020 07:35 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم نے اسلام آباد میں پڑاؤ ڈال لیا ہے۔ جبکہ پی سی بی نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز منگل سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پہلا ٹیسٹ 7 فروری سے پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بنگلہ دیش کی ٹیم بدھ کو اسلام آباد پہنچے گی، پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑی وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بائولرز شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ایک ساتھ ٹیم ہوٹل پہنچے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان فیملی کے ہمراہ ٹیم ہوٹل پہنچے۔

شائقین کرکٹ بابراعظم، امام الحق اور فواد عالم کو اپنے درمیان پا کر خوشی سے نہال ہو گئے۔ شائقین نے قومی ہیروز کے ساتھ تصاویر اور سیلفیز بنوائیں، قومی کرکٹ ٹیم کل راولپنڈی میں پریکٹس سیشن کرے گی،

دوسری طرف آئی سی سی ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز منگل کو ہو گا۔

شائقین کرکٹ 7 سے 11 فروری تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹیں ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹر سے خرید سکتے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایکسپریس سنٹر پر ٹکٹوں کی فروخت منگل کی دوپہر دو بجے سے شروع ہو گی۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ ٹی سی ایس سنٹر سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔

سات تا گیارہ فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

اُدھر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران تماشائیوں کا شور اس قدر زیادہ تھا کہ ہمیں ٹی ٹونٹی میچ کا گمان ہونے لگا تھا، اپنے ہوم گراؤنڈز اور کراؤڈز سے دور کرکٹ کھیلنے کے باعث انہیں جوش و جذبے کی اہمیت کا خوب اندازہ ہوا۔

سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کیریئر میں یہ کارنامہ پہلی بار انجام دینے پر بہت خوشی ہوئی، کیونکہ پہلی بار پانچ وکٹیں ہوم گراؤنڈز پر حاصل کی اس خوشی کا کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں تو فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بوجھل دل کے ساتھ میرے پاس آئے اور کہا پہلی اننگز میں اچھی باؤلنگ کے باوجود زیادہ وکٹیں حاصل نہ کرنے پر مایوسی کا شکار ہوں جس پر میں نے اسے کہا کہ ہمت بندھو، اچھی باؤلنگ کا ثمرجلد ملے گا۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے اور نسیم شاہ کے درمیان زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے لیے ایک مثبت رقابت رہتی ہے، نسیم شاہ میں وکٹیں حاصل کرنے کی بھوک ہے اور مثبت پہلو یہ ہے کہ ہر طرح کی وکٹ پر طویل اسپیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ ماضی میں وسیم اکرم اور وقار یونس کے درمیان بھی زیادہ سے زیاد وکٹیں حاصل کرنے کی جنگ رہتی تھی، جس کا فائدہ پاکستان کو ہوتا تھا۔
 

Advertisement