اقبال قاسم کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا

Last Updated On 01 February,2020 12:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اقبال قاسم کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا، دیگر اراکین میں وسیم اکرم، عمر گل، عروج ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں۔ وسیم خان اور ذاکر خان کمیٹی کو ممبر نامزد کیا گیا ہے، کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر طلب کیا جائے گا۔

سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر طلب کیا جائے گا۔ 50 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اقبال قاسم کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وسیم اکرم ،عمر گل، عروج ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں۔

پانچ اراکین کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پی سی بی کے دونوں نمائندگان بطور کو ممبرکمیٹی کا حصہ ہیں۔

کمیٹی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کرے گی جس میں قومی کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سنٹرز اور پلیئنگ کنڈیشنز جیسےامور شامل ہیں۔ کمیٹی کو اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ فرد کی کارکردگی کا جائزہ لینےکی غرض سے انہیں اجلاس میں طلب کرسکتی ہے۔