بنگلا دیش کے خلاف موقع ملا تو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا: موسیٰ خان

Last Updated On 31 January,2020 06:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر موسیٰ خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم سے سامنے ہوا تو انہیں آؤٹ کرنے کی کوشش کروں گا۔ بنگلا دیش کے خلاف موقع ملا تو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔

پریکٹس میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کا کہنا تھا کہ محنت کررہا ہوں اور اپنی فٹنس اور فارم پر توجہ ہے۔

موسیٰ خان کا مزید کہنا تھا کہ وقار یونس کے آنے سے کارکردگی میں بہت بہتری آئی ہے جبکہ کبھی اپنے چھوٹے قد کے حوالے سے نہیں سوچا، بنگلا دیش کے خلاف موقع ملا تو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ میری توجہ ٹیسٹ کرکت پر مرکوز ہے اور اسی فارمیٹ میں پرفارمنس دکھانے کی کوشش ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے اُبھرتے ہوئے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کا ریکارڈ توڑنے کے لیے ٹیسٹ میچ کے دوران مسلسل تیسری سنچری بنانے کی ٹھان لی۔

پریکٹس میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا کہ تیسری سنچری سکور کرکے اظہر الدین کا ریکارڈ برابر کروں۔

نوجوان اوپنر کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 2 ہفتے سے کیمپ جاری ہے، مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔

عابد علی کا مزید کہنا تھا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور ہر فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار ہوں، اپنے پلان کے مطابق کرکٹ کھیلوں گا، کبھی مایوس نہیں ہوا اسی وجہ سے بہترین پرفارم کیا۔

ٹیسٹ اوپنر کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز کی طرح ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔