راولپنڈی: (دنیا نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 92 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر چھ اعشاریہ چار اوورز میں مکمل کر لیا۔ ملتان سلطانز نے 94 رنز بنا کر میچ جیتا.
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 92 رنز کا ہدف دیا۔ بارش کے باعث میچ کو 9، 9 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بلے بازی کی دعوت دی۔ پہلے تین اوورز کا پاور پلے کھیلا گیا۔ یونائیٹڈ نے مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے تھے۔
محدود اوورز کے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے منرو نے سب سے اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے صرف 12 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں رونچی 18 جبکہ کپتان شاداب خان 14 رنز بنا سکے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو جبکہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس نے انتہائی شاندار بلے بازی کی اور اکیلے ہی اپنی کارکردگی سے میچ جیت لیا۔انہوں نے صرف 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ سلطانز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی زیشان اشرف تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے جبکہ معین علی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔