لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران 21 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 21 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن روئے اور سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے واٹسن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 8 گیندوں پر 9 رنز بنا کر شاہین کا نشانہ بن گئے۔
کپتان سرفراز احمد کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی مسلسل چل رہا ہے، 5 گیندوں پر 1 رن بنا کر پٹیل کی گیند پر بین ڈنک کو کیچ دے بیٹھے۔ جیسن روئے 13 گیندوں پر 6 سکور بنا سکے اور پٹیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اعظم خان اور جارحانہ بلے باز بین کٹنگ صفر پر پویلین لوٹے۔ محمد نواز 26 گیندوں پر 10 رنز بنا کر 50 کے مجموعی سکور پر راجہ فرزان کو وکٹ دے بیٹھے۔ فواد احمد نے چار رنز بنائے۔
سہیل خان 35 گیندوں پر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 98 رنز بنا سکی۔ سمت پٹیل نے چار شکار کیے۔ شاہین آفریدی اور راجہ فرزان نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔
قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے کیا۔
قلندرز کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری، فخر زمان نے 13 گیندوں پر 20 رنز بنائے اور محمد نواز کا نشانہ بن گئے، کپتان سہیل اختر 5 گیندوں پر 5 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز نے ہدف 12 ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ڈنک 30 اور محمد حفیظ نے 39 رنز بنائے۔ محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
لاہورقلندرزسکواڈ کے چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، سلمان بٹ، کرس لائن، پرسنا اور عثمان خان شنواری کی جگہ پر فخر زمان، ڈین ولاز، ڈیوڈ وائز اور شاہین شاہ آفریدی کو کھلایا گیا۔
لاہور قلندرز سکواڈ: فخر زمان، محمد حفیظ، ڈی جی ولاس، بین ڈنک، سمت پٹیل، سہیل اختر(کپتان)، ڈیوڈ وائز، شاہین آفریدی، سلمان ارشاد، دلبر حسین، راجہ فرزان
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سکواڈ: جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، سرفراز احمد، بین کٹنگ، محمد نواز، سہیل خان، زاہدمحمود، فواد احمد، محمد حسنین