بین ڈنک کی تباہ کن بلے بازی نے لاہور قلندرز کو فتح دلا دی، شائقین کی دھمالیں

Last Updated On 08 March,2020 10:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بین ڈنک اور لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے بلے بازوں کی خوب دھنائی کی۔ دونوں نے اپنی ٹیم کی فتح میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور بین ڈنک کی جارحانہ بلے بازی کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سہیل اختر نے صرف 34 جبکہ ڈنک نے 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنائی۔

 

لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ٹارگٹ صرف دو کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے ایک مرتبہ پھر شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا انہوں نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ لی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو صرف 16 رنز بنا سکے۔

 

 

اس کے بعد بین ڈنک اور سہیل اختر نے کراچی کنگز کے باؤلرز کی ایسی درگت بنائی کہ سب دیکھتے ہی رہ گئے۔ میچ کا کوئی ایسا لمحہ نہیں تھا جس نے گراؤنڈ اور گھر میں موجود شائقین کرکٹ کو محظوظ نہ کیا ہو۔ 12ویں اوور میں کیمرون ڈیلپورٹ کی گیند پر رضوان نے بین ڈنگ کا کیچ ڈراپ کیا۔ جبکہ کپتان عماد وسیم نے بھی اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ چھوڑا۔

 

 

بین ڈنک نے صرف 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 99 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے انیس اعشاریہ ایک اوورز میں چھکا لگا کر لاہور قلندرز کو فتح دلائی۔ یوں 188 رنز کے تعاقب میں قلندرز نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ دوسری جانب کپتان سہیل اختر نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی۔

 

 

خیال رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن فائیو کے 23ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔

 

 

کراچی کنگز کی اننگز کی خاص بات ہیلز کی بیٹنگ تھی جنہوں نے صرف 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 

دیگر بلے بازوں میں والٹن 45، بابر اعظم 38 اور ڈیلپورٹ 15 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے ماز خان نے 2 جبکہ سلمان ارشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر کنگز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔