ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی ماہانہ تنخواہ کا نصف حصہ عطیہ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی ماہانہ تنخواہ کا آدھا حصہ حکومت کے ساتھ کورونا وائرس کے فنڈ میں شامل کر رہے ہیں تاکہ اس عالمی وبا کا مل کر مقابلہ کیا جاسکے۔اس حوالے سے تمام بنگلادیش کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان بھی جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس وقت دنیا عالمی وبا سے لڑ رہی ہے، یہ وبا بنگلادیش میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہے جس کے باعث ہم تمام کھلاڑی سوشل میڈیا سے کوشش کر رہے ہیں کہ اس سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کی آگاہی دے سکیں۔
کھلاڑیوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ہمارا یہ بھی ماننا ہے کہ صرف اتنا ہی کافی نہیں اس لیے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ما تحت ہم 27 کھلاڑی تنخواہ کا آدھا حصہ اس کار خیر میں دے رہے ہیں۔
کھلاڑیوں نے بیان میں کہا کہ یہ رقم تقریباً 27 لاکھ تک بنے گی جو کہ ممکن ہو اس لڑائی کے لیے کافی نہ ہو لیکن اگر ہم سب مل کر اپنا اپنا حصہ شامل کریں گے تو اس سے مقابلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر ہم دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے ذمہ داریاں سنبھال کر اور پورے دل سے شراکت کرنے کی کوشش کریں، تو ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔
آخر میں کھلاڑیوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے وبا کے جلد ختم ہونے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔