لندن: (روزنامہ دنیا) انگلش بیٹسمین لائم لیونگ سٹون کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ کا معیار آئی پی ایل سے زیادہ بہتر ہے۔
دونوں ٹی ٹونٹی لیگز میں کھیلنے والے غیر ملکی کرکٹر کا خیال ہے کہ پرستاروں کے باعث سٹیڈیم کا ماحول پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں دوسری لیگز سے یکسر مختلف ہے کیونکہ پاکستان اور بھارت میں کھلاڑی ہی نہیں بلکہ پرستار اور حمایتی بھی کرکٹ میں جیتے اور سانس لیتے ہیں جن کیلئے یہ کھیل زندگی ہے۔
راجستھان رائلز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے لائم لیونگ سٹون کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ملک میں کرکٹ کھیلنا اس اعتبار سے خاص ہے کہ وہاں لوگ طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم تھے جن کے سامنے کرکٹ کھیلنا ان کیلئے یادگار موقع تھا۔