لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ شروع ہو گئے، سابق کپتان سرفراز احمد سمیت حسن علی، شاداب خان اور عماد وسیم سمیت سنٹرل کنٹریکٹ کے آٹھ کھلاڑیوں سے آغاز ہو گیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق کہتے ہیں کہ ان ایکسرسائز کا مقصد گھروں میں بیٹھے کھلاڑیوں کو فِٹ رکھنا ہے۔
لاک ڈاؤن میں پی سی بی کا پلان، قومی کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ شروع ہو گئے۔ 2 روزہ ٹیسٹ کا آغاز سابق کپتان سرفراز احمد سمیت 8 کھلاڑیوں سے ہوا، دیگر کھلاڑیوں میں حارث سہیل، محمد عباس، اسد شفیق، شان مسعود، حسن علی، شاداب خان اور عماد وسیم شامل ہیں۔
سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ دیگر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ منگل کو شیڈول ہیں، فٹنس ٹیسٹ قومی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک لے رہے ہیں جس میں کرکٹرز موبائل کے سامنے اِن ایکشن ہوتے ہیں۔
ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آن لائن ٹیسٹ کا مقصد وبائی وائرس سے بچاؤ کے لیے گھروں پر بیٹھے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنا ہے، معیار سے کم رزلٹ کسی کرکٹر کے ریکارڈ پر اثر انداز نہیں ہو گا نہ ہی کوئی کٹوتی ہو گی۔ ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ متعلقہ ٹیموں کے ٹرینرز لے رہے ہیں۔