لندن: (ویب ڈیسک) ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ 2019ء میں انگلینڈ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر عادل راشد کو ٹیکس میں ہیرا پھیری کرنے پر 36 ہزار پاؤنڈ (تقریباً72 لاکھ روپے) جرمانہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد اور انگلینڈ کے لیے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے سٹار کرکٹر عادل راشد کو ان لینڈ ریونیو نے ایک لاکھ پاؤنڈ (دو کروڑ روپے سے زائد) سے زیادہ مالیت کا ٹیکس ادا کرنے میں ناکام ہونے کا مرتکب قرار دیا ہے۔
ٹولر لین کے علاقے میں رہائش پذیر اور بریڈفورڈ میں پیدا ہونے والے کرکٹر نے 2013ء سے 2017ء تک چار سال کے دوران اپنے ٹیکس گوشواروں پر ڈیفالٹ کیا۔
انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک لاکھ پاؤنڈ ٹیکس اور ساتھ ہی 36 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 72 لاکھ روپے) بطور جرمانہ ادا کریں۔
ایچ ایم آر سی نے تازہ ترین ٹیکس چوری کرنے والوں کی فہرست میں عوامی طور پر نام لکھ کر ٹیکس نادہندگان کو شرمندہ کیا ہے۔ فہرست میں ریسٹورنٹ مالکان، بلڈرز اور کار سیلز مین بھی شامل ہیں۔
ایچ ایم آر سی کے ترجمان کا کہنا ہے کے زیادہ تر کاروباری افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں، لیکن اس اقلیت کے لیے جو ادائیگی سے انکار کرتے ہیں، ایچ ایم آر سی کے پاس بہت سارے اوزار دستیاب ہیں۔