کراچی: (دنیا نیوز) 2011ء ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ سے متعلق سابق لیجنڈ دوسرا سپیشلسٹ سعید اجمل بول اٹھے، ان کا کہنا ہے کہ اہم میچ میں سچن ٹنڈولکر میری گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل امپائر این گولڈ کا کہنا تھا کہ عالمی کپ 2011ء کے موہالی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان کیخلاف بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر صاف ایل بی ڈبلیو تھےاور وہ اب بھی اپنے اس فیصلے پر قائم ہیں۔
پاکستان دوسرا سپیشلسٹ سعید اجمل کا کہنا ہے کہ میری گیند پر سچن آؤٹ تھے، فیصلہ بدلنا غلط تھا، 10 سال بعد بھی دیکھی جائے تو وہ آوٹ تھا میں بالر تھا مجھے اندازہ ہے سچن کے آؤٹ کا فیصلہ بدلا نہ جاتا تو میچ کا نتیجہ کچھ اور ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ای این گولڈ بھی میری طرح اپنے فیصلے پر کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر اس وقت 23 رنز پر کھیل رہے تھے اس میچ میں سچن ٹنڈولکر نے 85 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
این گولڈ کے مطابق وہ اپنے اس فیصلے کی یہاں بیٹھ کر بھی ضمانت دے سکتے ہیں کیونکہ انہیں خوشی تھی کہ سچن ٹنڈولکر واپس چل پڑے تھے لیکن انہوں نے ریویو لے لیا۔
ایان گولڈ کے مطابق تھرڈ امپائر بلی باؤڈن نے انہیں بتایا کہ گیند لیگ سٹمپ مس کر رہی ہے لہٰذا مجھے آپ کا فیصلہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔
31 مارچ 2011ء کو پاکستان اور بھارت کےمابین دوسرے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں سعید اجمل کی گیند پر مایہ ناز بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیے لیکن جدید ٹیکنالوجی ہاک آئی کے ذریعے گیند کا ری پلے کیا گیا تو سچن ٹنڈولکر ناٹ آؤٹ قرار دیے گئے، ہاک آئی ری پلے میں گیند وکٹ کے قریب سے جاتی دکھائی دی۔
سعید اجمل اور سچن ٹنڈولکر کا یہ آؤٹ اور پھر ناٹ آؤٹ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں امپائر کے فوری فیصلہ کو غلط قرار دیتے ہوئے ہاک آئی نے سچن ٹنڈولکر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا اور امپائر کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ۔ اس گیند کے فیصلے سے متعلق طویل بحث سوشل میڈیا پر بھی چلی۔ کچھ نے آؤٹ کو درست قرار دیا جب کہ کچھ اس کی مخالفت میں بھی میدان میں اترے۔
سابق بھارتی اوپنر آکاش چوپڑا کا بھی ماننا ہے کہ سچن ٹنڈولکر ایل بی ڈبلیو آئوٹ تھے اور ہاک آئی کی یہ غلطی پاکستان کو بھاری پڑی ۔