لاہور: (دنیا نیوز) آل راؤنڈر وسابق کپتان ثناء میر نے اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا، ثنا میر نے 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری ایک روزہ میچ کھیلا تھا۔
ثنا میر نے اپنے کیریئر کا آغاز 2005 میں سری لنکا کے خلاف کیا، اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی جبکہ 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ ثنا میر نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں اور 1630 رنز بنائے جبکہ 106 ٹی ٹونٹی میچوں میں 89 وکٹیں اور 802 رنز بنائے۔
اکتوبر 2018 میں ثنا میر نے آئی سی سی ویمنز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا حصہ تھیں۔ ثناء میر کا کہنا ہے کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا، یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
ثناء میر نے کہا کہ وہ سپورٹ سٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ سٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک شاندار کیرئیر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ثناء میر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک طویل عرصہ پاکستان کی خواتین کرکٹ کا چہرہ رہیں بلکہ نئی نسل کے لیے ایک قابل تقلید ایتھلیٹ بھی ہیں۔