دبئی: (ویب ڈیسک) رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ انعقاد سے قبل تنازعات کی زد میں ہے اب کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی سے میگا ایونٹ ایک سال ملتوی کرنے کیلئے درخواست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمگیر وباءنے دنیا بھر میں کھیلوں کو متاثر کیا ہے، اس دوران کرکٹ کے متعدد مقابلے مؤخر یا ملتوی کئے جا چکے ہیں، موذی وباءکے باعث نومبر میں کھیلے جانے والے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے جس کیلئے آئی سی سی نے اپنا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے ٹیلی کانفرنس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ 10 جون تک مؤخر کر دیا ہے۔
دس جون کو اگلی میٹنگ میں ٹی 20 ورلڈکپ 2020ء کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے جبکہ دوسری طرف آئی سی سی نے کرکٹ بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویڈیو لنک کانفرنس، ٹی 20 ورلڈکپ کا فیصلہ 10 جون تک ملتوی
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔
آسٹریلیا کے میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ بھارت کا بااثر بورڈ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کو ملتوی کرنا چاہے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
بی سی سی آئی کے خزانچی ارون سنگھ دھمل کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کی تجویز کیوں دے گا، ہم اجلاس میں تبادلہ خیال کریں گے اور آئی سی سی کو جو مناسب لگے وہ فیصلہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آسٹریلیا کی حکومت اعلان کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ ہوگا اور کرکٹ آسٹریلیا اس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہوگا اور بی سی سی آئی کوئی تجویز نہیں دے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر کو آسٹریلیا میں شروع ہوگا تاہم کورونا وائرس کے باعث دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کی طرح ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے التوا کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ ورلڈ کپ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کل 16 ٹیمیں 45 میچز کھیلیں گی۔
یاد رہے کہ گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) اور 2 کوالیفائر شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور 2 کوالیفائر ہوں گے۔
رواں برس مارچ میں 53 کروڑ ڈالر مالیت کی آئی پی ایل کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہوگئی تھی اور بھارتی حکام نے حال ہی میں کہا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں مناسب موقع ملتے ہیں اس کا انعقاد کیا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے درخواست کی تھی کہ میگا ایونٹ ایک سال آگے بڑھایا جائے تاہم آسٹریلین بورڈ کا آئی سی سی فنانشل کمیٹی کو لکھا جانے والا یہ خط میڈیا پر لیک ہو گیا جس پر بورڈ ممبران نے خفیہ معلومات باہر نکلنے پر تحفطات ظاہر کئے تو آئی سی سی نے اس معاملے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس کے ایجنڈے کو 10 جون تک موخر کر دیا۔
آسٹریلوی خبر رساں ادارے کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی کو میگا ایونٹ ایک سال آگے بڑھانے کی درخواست کی ہے، دوسری طرف کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈینگز کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2022ءتک ملتوی ہونا کرکٹ کیلئے نقصان دہ ہو گا۔